14 جون 2015 - 16:19
ایران کسی بھی قیمت پر اپنے اصولوں کا سودا نہیں کرے گا

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ حکومت گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایٹمی مذاکرات میں، ملت ایران کے حقوق کے تحفظ میں پرعزم ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے اتوار کو ایران کے جنوبی شہر شیراز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، ایٹمی مذاکرات میں بڑی طاقتوں کی موجودگی سے پتہ چلتا ہے کہ ایران ایک طاقتور، باعظمت اور متحد ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتوں کے ساتھ ہمارے ایٹمی مذاکرات سے اس امر کی غمازی ہوتی ہے کہ ایران کے بارے میں دنیا کا نظریہ تبدیل ہوچکا ہے۔
جنرل حسین دہقان نے کہا کہ مذاکراتی فریق ملت ایران کے حقوق پامال کرنے کے درپے ہیں لیکن اس وقت ایرانی قوم پوری قوت و اقتدار کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہوئی ہے اور فریق مقابل کی توسیع پسندی کے مقابلے میں ڈٹی ہوئی ہے۔
ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت بھرپور طریقے سے ملت ایران کے حقوق کا دفاع کر رہی ہے اور ایران کی مذاکراتی ٹیم رہبر انقلاب اسلامی اور حکومت کی جانب سے معین کردہ اصولوں کی بنیاد پر بات چیت کر رہی ہے اور وہ کسی بھی قیمت پر بھی اپنے اصولوں کا سودا نہیں کرے گی-

۔۔۔۔۔۔۔

/169